کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں زمبابوے نے بلیسنگ مزاربانی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت سابق ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر تہلکہ مچادیا۔ زمبابوے نے 2007 ورلڈ کپ میں بھی کینگروز کو زیر کیا تھا۔ فاتح ٹیم کے بولرز نے پانسہ پلٹ دیا۔ ناکامی کے بعد آسٹریلین بیٹرز کے منہ لٹک گئے۔ جمعے کو کولمبو میں زمبابوے نے میچ 23 رنز سے اپنے نام کرلیا ۔ زمبابوے نے 2 وکٹ پر 169 رنز اسکور کیے، برائن بینیٹ نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ تادیونشے مرومانی اور ریان برل نے 35، 35 رنز اسکور کیے۔ سکندر رضا نے بھی 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے میٹ رنشا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی زمبابوے کے بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 146 رنز پر آؤٹ ہوگئی، رنشا نے 65 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گلین میکسویل نے 31 رنز اسکور کیے۔ 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے ۔ بلسینگ مزاربانی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کیے ۔ دوسری جانب نئی دہلی میں متحدہ امارات نے دل چسپ مقابلے کے بعد کینیڈا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔یو اے ای نے 151 رنز کا ہدف 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اریانش شرما نے 53 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، صہیب خان 29 گیندوں پر 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کپتان محمد وسیم 4 ، علیشان شرفو 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کینیڈا کیلئے سعد بن ظفر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔قبل ازیں کینیڈا نے 7 وکٹ پر 150 رنز بنائے، ہرش ٹھاکر 50 ، نونیت دھلیوال 34، شریاس مووا نے 21 رنز بنائے۔ علاوہ ازیں چنئی میں امریکا نے نیدرلینڈز کو 93رنز کے بڑے مارجن سے روند دیا ۔ 196 کے جواب میں ناکام ٹیم 103رنز پر سمٹ گئی۔ گروپ اے کے میچ میں نیدرلینڈز کی دعوت پر امریکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹ پر 196 رنز اسکور کیے۔ سیتیجا مُکاملا 79 رنز بنا کرنمایاں رہے۔ کپتان مونانک پٹیل 36، شایان جہانگیر 20، ملند کمار، سنجے کرشنامورتی اور ہرمیت سنگھ 1، 1 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ شبھم رانجنے 48 اور محمد محسن 1 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ باس ڈی لیڈ نے 3 وکٹ لیے ۔ جواب میں نیدر لینڈ کے بیٹرز مزاحمت نہ کرسکے، باس ڈی لیڈے23 کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 20میکس او ڈاؤڈ13اوروین ڈر مروی 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ امریکا کی جانب سے ہرمیت سنگھ نے چار ، شیدلے وین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔