کراچی(اسٹاف رپورٹر ) قومی کر کٹ ٹیم نے اتوار کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ کیلئے کمر کس لی۔جمعے کو قومی کھلاڑیوں کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں تین گھنٹے کا بھر پور ٹریننگ سیشن کیا،کھلاڑیوں نے کوچز کے زیر نگرانی بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی بولرز اور بیٹرز نے کوچز کے دئیے گئے ٹارگٹس کو پورا کیا۔ پریکٹس سے قبل کھلاڑیوں نے وارم اپ سیشن میں بھی حصہ لیا ۔ قومی کھلاڑی روایتی حریف کے خلاف میچ کے لئےبے تاب دکھائی دے رہے ہیں۔ کپتان اور کوچز نے بھی کھلاڑیوں کو ٹپس دیں۔ دوسری جانب روایتی مقابلے کیلئے کراچی سمیت ملک بھر میں جوش وخروش عروج پر ہے، جذبات بڑھنے لگے، میچ سے لطف اندوز ہونے کے لئے عوام نے تیاریاں شروع کردی ہے، کراچی میں کئی سیاسی ، مذہبی، سماجی جماعتوں نے میچ کے باعث اپنی سر گرمیاں ملتوی کردی ہیں، شہر کے مختلف میدانوں اور پارکوں میں بڑی اسکرین لگا کر میچ دیکھنے کے انتظامات کئے جائیں گے، جبکہ کئی جامعات،آرٹس کونسل، اور دیگر آڈیٹوریم میں بھی میچ کے لئے خصوصی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اس بار جیت ہماری ہوگی، ٹیم کو پیغام ہے کہ مایوس نہ کرنا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتیوں ہاتھ ضرور ملانا۔