کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اگر سہیل آفریدی اسٹریٹ موومنٹ جیسی باتیں کریں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رمضان میں ملاقاتیں بھی بند ہوجائیں گی‘ سہیل آفریدی احمقانہ بات کررہے ہیں۔پی ٹی آئی کے خلاف سازش ہو رہی ہے یا یہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سازش کر رہے ہیں‘ بانی تحریک انصاف خود رہا نہیں ہونا چاہتے‘ملاقاتوں کو سیاست ، گالم گلوچ کے لیے استعمال نہ کریں تو کون روکتا ہے؟ بانی پی ٹی آئی ایک دن بھی جیل میں نہیں رہنا چاہتے وہاں ان کا دل نہیں لگ رہا۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک ‘‘میں میزبان حامدمیر سے گفتگوکرتے ہوئے راناثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی لیونگ کنڈیشن جیل میں اے ون ہے‘ ان کا علاج بھی بہترین ہوا ہے۔رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو پہیہ جام کی کال دی اس کے لیے ان کی کیا تیاری تھی؟ جس طرح کے انہوں نے دھرنے دیے اس سے بہتر تھا نہ دیتے ‘رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ ڈی چوک کے بجائے سنگجانی چلے جائیں آپ سے بات ہوگی‘ یہ سنجیدہ کوشش تھی لیکن تحریک انصاف یا شاید بانی پی ٹی آئی نے انکار کیا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان کو ایک طرف سے فیڈ کیا جارہا تھا کہ بس انقلاب آنے کو تیار ہے ۔