کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)احسن اقبال کی ماضی کی سپر اسٹار شبنم سے ڈھاکہ میں ملاقات،بچپن سےآپ کا مداح ہوں، آپ کی بہت فلمیں سینما گھروں میں دیکھی ہیں،وفاقی وزیر،فضائی راستہ کھولنے پر شہباز شریف کی شکر گزار ہوں،لیجنڈری اداکارہ شبنم کی جنگ سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ان دنوں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں تیزی سے مثبت تبدیلی آرہی ہے۔بنگلہ دیش میں الیکشن کے بعد وجود میں آنے والی نئی حکومت نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مستحکم کردیا ہے۔دونوں ملکوں میں بسنے والے فنکار بھی بے حد خوش دکھائی دے رہے ہیں۔بنگلہ دیش کے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستانی فلموں کی مقبول ہیروئن شبنم سے ڈھاکہ میں خصوصی ملاقات کی۔اس موقع پراحسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کا مستقبل نئی نسل کی اُمیدوں، خوابوں اور اُمنگوں سے وابستہ ہے۔ لیجنڈری اداکارہ شبنم نے جنگ / جیو نیوز کو ڈھاکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیراحسن اقبال نے ملاقات کے لئے رابطہ کیا۔ میری طبیعت ناساز تھی،لیکن مجھے اچھا لگا کہ پاکستان سے اہم شخصیت مجھ سے ملنا چاہتی ہے، تو میں پاکستانی ایمبیسی چلی گئی۔ان سے بہت دلچسپ اور سنجیدہ بات ہوئی۔انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں نے آپ کی بہت فلمیں سینما گھروں میں دیکھی ہیں، بچپن سے آپ کا مداح ہُوں،بچپن سے آپ کی فلمیں شوق سے دیکھتا ہوں۔