کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا مرحلہ سپر ایٹ ہفتے سے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کرے گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا ۔ میچ پر بارش کا شدید خطرہ منڈلا رہا ہے۔ میٹ آفس کے مطابق بارش کا 74 فیصد امکان ہے ۔ سپر 8میچز کیلئے کوئی ریزرو ڈے مختص نہیں کیا گیا۔ اگر بارش کے باعث دونوں ٹیمیں کم از کم فی اننگز 5اوورز بھی نہ کھیل سکیں تو میچ منسوخ ہوگا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں کہاہے کہ نیوزی لینڈ نے بر صغیرمیں بہت کرکٹ کھیلی ہے پچھلے ریکارڈ پر نہیں سمجھتا کسی کو برتری ہوگی، بابر اعظم کو مڈل اوورز میں مخصوص رول کیلئے واپس لائے ہیں۔ نمیبیا کے خلاف 11 ویں 12ویں اوور میں بھجوانے کا فائدہ نہیں تھا۔ جب ضرورت ہوگی فخر زمان بھی کھیلیں گے۔ سری لنکا میں اسپنرز کا کردار زیادہ رہا ہے ، دیکھیں گے کمبی نیشن کیا بہتر رہتا ہے ۔ عثمان طارق کی غیر معمولی اسکلز ہیں وہ بیک وقت اٹیک اور دفاع کر سکتا ہیں۔ صائم نے اس سے پہلے اچھا اسکور کیا ہے ، صائم اچھی بولنگ کر رہا ہے ۔ ادھر کیوی کرکٹر مارک چیپمین نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ہے اور ہم جانتے ہیں کیا پلان کرنا ہے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نےکہا کہ عثمان طارق کا منفرد ایکشن ہے ۔