کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے انٹر نیشنل ہفتے کو پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سےقبل مہمان ٹیم اپنے کپتان مچل مارش کی خدمات سے محروم ہوگئی۔ وہ انجری کے سبب سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ان کی غیر موجودگی میں وکٹ کیپر جوش انگلس پاکستان میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔مچل مارش، جو لکھنؤ سپر جائنٹس کے آئی پی ایل سیزن کا فائنل میچ نہیں کھیل سکے، وہ مزید تشخیص اور علاج کے لیے پرتھ میں ہی رہیں گے۔ کرکٹ آْسٹریلیا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے دورہ وائٹ بال کے لیے ان کی دستیابی کا تعین وقت پر کیا جائے گا۔مچل مارش آئی پی ایل کے دوران ٹخنے کی انجری اور تھکاوٹ کا شکار ہوئے تھے، جبکہ پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ آئی پی ایل میں مصروف ہیں مچل مارش کی عدم دستیابی میں اولی پیک کے انٹرنیشنل ڈیبیو کا بھی امکان ہے۔ دوسری جانب پیر کی شب پاکستانی ٹیم کا تربیتی کیمپ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے ختم کردیا گیا اور کھلاڑی عید منانے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی حج کی سعادت حاصل کرنے گئے ہیں ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ بدھ کو عید منانے کے بعد قومی اسکواڈ عید کی تعطیلات کے بعد جمعرات کو دوبارہ اسلام آباد میں اکٹھا ہوگا جہاں کھلاڑی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔قومی ٹیم 29 مئی کو بھرپور پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔پنڈی میں قومی کھلاڑیوں نے نیٹ میں بیٹنگ اور بولنگ کی پریکٹس کی پریکٹس سیشن سےقبل کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز میں حصہ لیا کوچز نے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ میں مختلف ڈرلز کروائے اور ٹاسک دیئے۔