• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینشن ختم، کرکٹ شروع، سپر لیگ 11 کا آج آغاز، قلندز، کنگز مین کا افتتاحی مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں اور ٹینشن ختم ہورہی ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں ایڈیشن جمعرات سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن لاہور اور نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کے درمیان میچ سے ہورہا ہے۔ حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ایک مضبوط ٹیم بن کرکھیلیں۔ ہم نے اسکلز پر کام کیا ہے اب میچ میں شو کریں گے۔ میں کنگز مین کی قیادت بالکل اسی طرح کروں گا جیسے بگ بیش یا آسٹریلوی ڈومیسٹک کرکٹ میں کرتا ہوں ۔ چاہے پی ایس ایل ہو، بگ بیش ہو یا آسٹریلوی ٹیم ، کرکٹ میں دباؤ ہمیشہ رہتا ہے اور آپ کو اس کے ساتھ ہی کھیلنا ہوتا ہے۔قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کہتے ہیں تیاری اچھی ہے، اچھا مقابلہ کریں گے۔ 10 سال پی ایس ایل کے کامیاب سال رہے، مستقبل میں بھی اچھی کرکٹ ہوگی۔ آگے بھی پی ایس ایل سے اچھے پلیئرز ملیں گے ۔ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے کہا کہ پاکستان آکر اچھا لگ رہا ہے، کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل پیش کریں۔پہلی بار پی ایس ایل میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔44 میچ دو شہروں لاہور اور کراچی میں39 دنوں کے دوران تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ لاہور افتتاحی میچ اور فائنل سمیت22میچوں کی میزبانی کریں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں بھی 22میچ ہوں گے۔ پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث افتتاحی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ شائقین کو مس کریں گے۔ اچھی کرکٹ کھیلیں گے تاکہ شائقین ٹی وی پر انجوائے کر سکیں۔ زلمی نے بولنگ اٹیک کو بہتر کرنے کی کوشش کی ہے، پلانز پر عمل کرنے پر فوکس ہو گا۔راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پی سی بی نے دس سال بہت کوشش کی ہے ۔ سب کی کوشش ہوگی اچھا کھیل پیش کریں۔ مستقبل میں بھی پی ایس ایل مزید کامیاب ہوگی۔ محسن نقوی کہنا تھا کہ پی ایس ایل ایک ’انٹرنیشنل برانڈ‘ ہے ، اسے ملتوی کیا جاتا تو آگے اس کے انعقاد کیلئے کوئی دوسری ونڈو دستیاب نہیں تھی۔25 سے 30 ہزارتماشائی ا سٹیڈیم میں آئیں گے، ایک طرف ہم شہریوں کو نقل و حمل محدود کرنے کا کہہ رہے ہیں، دوسری طرف اتنے لوگ اکٹھے ہوتے۔ پشاور والوں سے خاص ظور معذرت خواہ ہیں، کہ ان سے اس بار پشاور میں پی ایس ایل کے میچز کروانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان حالات کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہو پائے گا۔

اسپورٹس سے مزید