کراچی(اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ میں ورلڈ کپ فائنلسٹ نیوزی لینڈ کو 33 رنز سے شکست دے کر سیریز تین دو سےاپنے نام کرلی۔ بدھ کوکرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا نے کونر اسٹرہوئیزن کی 33 گیندوں پر 75 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ روبن ہرمین 39 اور ویان ملڈر 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بین سیئرز نے 2، زیک فولکس اور جوش کلارکسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بناسکی۔ بیون جیکبس 36، ٹم روبنسن 25 اور کپتان جیمز نیشم 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔