کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین احمد وانی نے پی ایچ ایف کے مالی معاملات کے حوالے سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا، ہفتے کو اسلام آباد میں فیڈریشن کے اکاؤنٹنٹ سلیم گل نے ان سے ملاقات کی جس میں مالی امور سے متعلق انہیں تفصیلی بریفنگ دی،جس میں سابقہ عہدے داروں کے دور میں ہونے والے اخراجات کا بھی جائزہ لیا گیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری صدر نےبعض لین دین کے معاملے کی مزید تفصیلات پیر کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، ملاقات میںاپنے پختہ انتظامی انداز کے لیے مشہور ایڈہاک صدر نے مبینہ طور پر واضح کیا ہے کہ کارکردگی، نظم و ضبط اور مالی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں نہیں کیا جائے گا۔ پی ایچ ایف کے صدر کو قومی ہاکی ٹیم کی سابق انتظامیہ نے ارجنٹائن، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے حالیہ دوروں کے بارے میں آگاہ کیا، جس میں کارکردگی، چیلنجز اور بدانتظامی کے واقعات پر روشنی ڈالی، دوسری جانب ذرائع نے انکشاف کیا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے پاسپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے حوالے کر دیے گئے ہیں جو مصر میں یکم مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں قومی ٹیم کی شرکت کے معاملات کو دیکھے گا،جس میں لاجسٹک کا معاملہ بھی شامل ہے۔