کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں دفاعی چیمپئن اور میزبان بھارت کو 76 رنز کے بھاری فرق سے مات دے کر دھول چٹادی ۔ یہ شکست بھارت کیلئے جاری 20 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں پہلی تھی اور اس نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 2022 کے سیمی فائنل میں 10 وکٹ سے ہونے والی شکست کے بعد سے اس کی 12فتوحات کا تسلسل بھی ختم کردیا۔اس نتیجے پر احمد آباد اسٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔ تمام آئی سی سی ٹورنامنٹس میں، یہ مینز ان بلیو کے لیے 18 میچوں میں پہلی شکست تھی، جس کا آخری نقصان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف ہوا تھا، جو اتفاق سے اسی مقام پر کھیلا گیا تھا۔ اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقی ٹیم نے دفاعی چیمپئن بھارت سے گزشتہ ٹی ورلڈ کپ کے فائنل کی شکست کا حساب بھی چکتا کردیا ہے۔بھارتی ٹیم نے 2024ء کے ورلڈ کپ کے تمام میچز جیتے تھے۔بڑی جیت کے ساتھ جنوبی افریقا نے اپنا نیٹ رن ریٹ بھی بہت بہتر کرلیا ہے۔ حالانکہ فی الحال اسے رن ریٹ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ بھارت کو ٹورنامنٹ میں پہلی شکست ہوئی۔ وہ پہلی بار ہدف کا تعاقب کررہی تھی لیکن 187 رنز کے جواب میں 7گیندیں پہلے111رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ یہ بھارت کی اس فارمیٹ میں دوسری بڑی ہار ہے۔ جنوبی افریقا چار گروپ میچوں کے بعد دوسرے مرحلے میں پہلا میچ جیت کر ناقابل شکست ہے۔ احمد آباد میںمضبوط بیٹنگ لائن اپ بے بس دکھائی دی۔ شیوام دوبے37گیندوں پر42 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ مارکو جینسن نے چار وکٹ22 رنز دے کر لئے۔ مہاراج نے تین اور کاربن بوش نے دو وکٹ حاصل کئے۔ بھارت کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا۔ دسویں اوور میں51 رنز پر پانچ وکٹ گر گئے۔ پاکستان کے خلاف میچ کے ہیرو ایشان کشن بغیر کوئی رن بنائے مارکرم کا شکار بنے۔ تلک ورما ایک رن بناسکے۔ ابھیشیک شرما 15رنز بناکر جینسن کا شکار بنے، سوریا کمار یادیو اور واشنگٹن سندر کو کاربن بوش نے اوپر تلے آوٹ کرکے اسٹیڈیم میں سکتا طاری کردیا۔ ہارک پانڈیا18، رنکو سنگھ صفر اور ارشدیپ سنگھ صفر پر آوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلےکھیلتے ہوئے 7 وکٹ پر 187 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر نے 63 رنز 35گیندوں پر تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے بنائے، ڈیوالڈ بریسویس نے 45 رنز29 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔ اسٹبس نے 24گیندوں پر ناقابل شکست 44 رنز تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے تین اور ارشدیپ سنگھ نے2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔