• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ول جیکسن کا ’ون مین شو‘ انگلینڈ نے سری لنکا کو ہرا دیا، اگلا میچ پاکستان سے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے میں میزبان ٹیم سری لنکا چھوٹے اسکور کا دفاع نہ کرسکی۔ میچ ول جیکس کا ون مین شو رہا۔ انہوں نے اچھی بیٹنگ کے بعد تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے تین شکار بھی کیے۔ انگلینڈ نے حیران کن طور پر سری لنکا کو51 رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی اپنے نام کی۔ بولروں نے میچ کو یکطرفہ بنادیا سات بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ اس نے سری لنکا کے خلاف مسلسل 12 ویں کامیابی حاصل کی۔ انگلش ٹیم کو سیمی فائنل میں جانے کے لئے منگل کو دوسری رکاوٹ پاکستان کے خلاف میچ جیت کر عبور کرنا ہوگی۔ اتوار کو پالے کیلے میں انگلینڈ نے9وکٹ پر146رنز بنائے۔ سری لنکا کی ٹیم خوش فہمی میں مبتلا ہوئی اور پوری ٹیم مایوس کن انداز میں16.4اوورز میں صرف95 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کو ٹورنامنٹ میں شکست دینے والی سری لنکا ٹیم کو مسلسل دوسری شکست ہوئی اسے آخری گروپ میچ میں زمبابوے نے شکست دی تھی۔ سری لنکا کے بیٹرز ذمے داری کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ میچ کے ہیرو ول جیکس مشکل وقت میں14گیندوں پر21رنز بنائے اور بولنگ میں22 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ وہ مین آف دی میچ قرار پائے۔ سری لنکا کی جانب سے داسن شانکا 30 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کمنڈو مینڈس 13 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر تھے۔ دیگر کھلاڑی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس کے علاوہ، جوفرا آرچر 2، لیام ڈاسن 2، عادل رشید 2 اور جمی اوورٹن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ فل سالٹ اور جوز بٹلر نے انگلینڈ کی اننگز کا آغاز کیا۔16رنز کے مجموعی اسکور پر جوز بٹلر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جیکب بیتھل 3، ٹوم بینٹن 6، کپتان ہیری بروک 14 اور سیم کرن 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ فل سالٹ نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے40گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چھکے اور چھ چوکے مارے، لیام ڈاسن 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اوورٹن نے 10 رنز بنائے۔ دلشان مدوشنکا نے انہیں اور جوفرا آرچر کو ایک ہی اوور میں آؤٹ کر کے انگلینڈ کی کمر توڑ دی۔ سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے سب سے کامیاب بولررہے، جنہوں نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دلشان مدوشنکا اور مہیش تھیکشنا نے 2، 2 جبکہ دشمنتھا چمیرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اسپورٹس سے مزید