کراچی(اسٹاف رپورٹر) ورلڈکپ کوالیفائنگ رائونڈ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کی انتظامیہ کا اعلان پیر کو متوقع ہے۔ قوی امکان ہے کہ اولمپین خواجہ جنید ہیڈ کوچ ، سابق انٹرنیشنل اظفر یعقوب اسسٹنٹ کوچ ، فرخ عتیق خان منیجر اورسلطان اشرف ویڈیو انالسٹ بنایا جائیگا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم اور نئی مینجمنٹ کا اعلان پیر کو اسلام آباد میں ہوگا پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی پریس کانفرنس میں کرینگے۔ دریں اثنا عبوری صدر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہاکی مینجمنٹ کمیٹی بااختیار ہوگی، وہ جسے کمیٹی میں شامل کرنے کی سفارش کرے گی اسے رکھا جائے گا۔ کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی کی تشکیل میں بھی ان کی رائے حتمی ہوگی۔ سمیع اللہ سمیت کسی سینئر کھلاڑی کو نظر انداز نہیں کیا۔ پی ایچ ایف کا مکمل آڈٹ کرایا جائے گا جن پر الزامات ثابت ہوگئے ان کا احتساب بھی ہوگا، قومی کھیل میں بہتری چیلنج ہے، کسی سطح پر مالی بے ضابطگی نہیں ہونے دی جائے گی، اسکولز،کالجز اور جامعات میں ہاکی کو فروغ دیں گے۔