کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن عبوری مینجمنٹ کمیٹی کے مشترکہ سربراہ سابق کپتان اصلاح الدین اور حسن سردار نے اپنی ذمے داری کو چیلنج قرار دیا ہے۔ جنگ سے گفتگو میں اصلاح الدین نے کہا ہے کہ قومی ہاکی نتائج اور وسائل کے حوالے سے شدید بحران کا شکار ہے، ہم خلوص دل اور عزم کے ساتھ اسے اس صورتحال سے نکالنے کی کوشش کریں گے، یہ وقت مل کر اس قرض کو چکانے کا ہے جو ہم پر ریاست اور قوم کے احسانوں کا ہے ۔ سابق کپتان حسن سردار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیڈریشن نے جس اعتماد کے ساتھ ہمیں ذمے داری دی ہے ان کو مایوس نہیں کریں گے، کوشش ہوگی کہ ایک ایسامیکنزم بناکر دے جائیں جو مستقبل کیلئے مثالی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں نے ماضی میں کئی نامور کھلاڑی دیے ہیں، کلبوں کے حوالے سے بہتر فارمولا بنائیں گے۔ واضح رہے کہ اس کمیٹی کے مینڈیٹ میں قومی ٹیم کا انتخاب، خصوصی تربیتی پروٹوکولز کی نگرانی، کوچز و کھلاڑیوں کیلئے سخت معیارات کا تعین شامل ہے۔ اس کمیٹی کے دیگر ارکان کا تقرر ان دونوں لیجنڈز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کے مالی معاملات کو بہتر بنانے اور فیڈریشن کو بہتر انداز میں فعال کرنے کیلئے یہ اقدام ایک ڈھانچہ جاتی تبدیلی کی علامت ہے ۔ کمیٹیوں کے ارکان اعزازی بنیادوں پر کام کریں گے ۔ دریں اثنا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے لاہور میں قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا۔ کھلاڑی پیر کو اسلام آباد میں فیڈریشن کے عبوری صدر محی الدین وانی سے ملاقات کریں گے۔