کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی میں پلیئر پاور جیت گئی۔ حکام نے کھلاڑیوں کا ٹیم انتظامیہ تبدیل کرنے کا مطالبہ مان کر ہیڈ کوچ طاہر زمان کی سربراہی میں کام کرنے والے کوچنگ اسٹاف کو مزید ٹیم کے ساتھ نہ رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے نئی مینجمنٹ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ عبوری صدر محی الدین وانی سے ٹیم کی سابقہ انتظامیہ نے ہیڈ کوچ طاہر زمان کی قیادت میں ملاقات کی جس میں کوچ عثمان شیخ بھی شامل تھے۔ انہوں نے مینجمنٹ کو قاہرہ میں ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر میں کام جاری رکھنے کو کہا لیکن وفد نے درخواست کی کہ انہیں مستقبل کے دوروں میں بہتری اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت و ترقی سے متعلق ایک جامع رپورٹ تیار کرنے کی اجازت دی جائے۔ جو صدر پی ایچ ایف نے تسلیم کرلی ۔ دوسری جانب دورے آسٹریلیا میں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک سے متعلق حکومتی رکن عظمیٰ کاردار نے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ۔ متن میں کہا گیا کہ قومی کھیل ہاکی دہائیوں کی غفلت اور ناقص گورننس کا شکار ہے۔ سندھ اسمبلی میں بھی ایسی قرار داد لانے کی تیاری کی جارہی ہے۔