کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی 20 ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ سے مقابلے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کولمبو سے بس پر پالے کیلے پہنچ گئی۔ میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم پیر کو پریکٹس کرے گی۔ ہفتے کو سُپر ایٹ مرحلے کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونا تھا جو کہ بارش کے سبب شروع بھی نہیں ہو سکا تھا۔ اگر پاکستان نیٹ رن ریٹ پر انحصار کیے بغیر سیمی فائنل میں پہنچنا چاہتا ہےتو اسے اپنے باقی دونوں میچ جیتنا ہوں گے۔ ان دونوں فتوحات کی صورت میں پاکستان کے 5 پوائنٹس ہو جائیں گے اور سیمی فائنل میں رسائی تقریباً یقینی ہو جائے گی۔ دوسری صورت میں اگر پاکستان ایک میچ جیتتا ہے اور ایک ہارتا ہے تو پھر اس کی قسمت کا فیصلہ دیگر میچوں کے نتائج اور نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔ تاہم اگلے دونوں میچز میں شکست ہوئی تو پاکستان صرف ایک پوائنٹ کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ منسوخ ہونے کے بعد اب ہر مقابلہ ناک آؤٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔