• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت سندھ میں ہائی ویز کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لے، ترجمان سندھ حکومت

کراچی (این این آئی) ترجمان سندھ حکومت سکھدیو ہیمنانی نے وفاقی دائرہ اختیار میں آنے والی سندھ کی شاہراہوں اور موٹرویز کی مسلسل بدانتظامی اور طویل عرصے سے جاری نظراندازی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ میں ہائی ویز کی خستہ حالی کا فوری نوٹس لے،ایک ماہ کے دوران مہلک حادثات میں تین درجن سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی متعدد درخواستوں کے باوجود یہ اہم اور اسٹریٹجک سڑکیں اب بھی انتہائی خستہ اور خطرناک حالت میں ہیں، جو انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ اور معیشت کے لیے بڑے نقصان کا سبب بن رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ این۔فائیو (N-5)، این۔ففٹی فائیو (N-55) اور ایم۔نائن (M-9) پر مہلک حادثات اور متعدد گاڑیوں کے تصادم معمول بن چکے ہیں، جن میں ہر ماہ درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ یہ صورتحال نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی سندھ میں قومی اہمیت کی شاہراہوں کے موثر انتظام میں ناکامی کو بے نقاب کرتی ہے۔ ناقص ٹریفک مینجمنٹ اور کمزور قانون نافذ کرنے کے نظام نے مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے، خصوصا ایم۔نائن جیسی تیز رفتار شاہراہوں پر سخت حفاظتی نگرانی کی فوری ضرورت ہے۔سکھدیو ہیمنانی نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر امن و امان برقرار رکھنا نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی ذمہ داری ہے، تاہم مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے میں این ایچ اے کی مسلسل ناکامی نے سندھ حکومت کو عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ہائی وے پولیس قائم کرنے پر مجبور کیا۔ اس کے باوجود این ایچ اے ہر 50 تا 60 کلومیٹر کے فاصلے پر بھاری ٹول ٹیکس وصول کر رہی ہے، مگر بنیادی مرمت اور حفاظتی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں شاہراہوں کی مسلسل نظراندازی ناقابلِ قبول ہے۔ اس سے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور معاشی سرگرمیاں مفلوج ہو رہی ہیں۔ وفاقی حکومت کو فوری طور پر ان سڑکوں کی مرمت، دیکھ بھال اور تحفظ یقینی بنانا چاہیے اور طویل غفلت سے ہونے والے نقصانات پر سندھ حکومت کو معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔

ملک بھر سے سے مزید