اسلام آباد(اے پی پی)عظیم انقلابی شاعر جوش ملیح آبادی کی برسی اتوار 22فروری کو منائی گئی۔ ۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز سمیت متعدد قومی و بین الاقوامی اعزازات اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے انہیں بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔جوش ملیح آبادی5 دسمبر 1898کو ملیحہ آباد میں پیدا ہو ئے اور ان کا پورا نام شبیر حسن خان تھا۔انہوں نے اپنی تعلیم وسوا یونیورسٹی سے حاصل کی ۔ جوش ملیح آبادی نے شاعری کے ساتھ غزل اور نظم پر بھی بے حد کام کیا اور خوب مقبولیت حاصل کی۔ جوش ملیح آبادی نے تحریک جدوجہد آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا اور اپنی انقلابی اور ولولہ خیز شاعری کے باعث شاعر انقلاب کے طور پر معروف ہوئے۔ جوش ملیح آبادی نے حرف و حکایت، طلوع فکر اور محراب و مضراب سمیت لگ بھگ 24 مجموعہ ہائے کلام تحریر کئے۔ منفرد لب و لہجے کے مالک، قادر الکلام شاعر اور صاحب اسلوب نثرنگار جوش ملیح آبادی کا سحر آج بھی برقرار ہے۔جوش ملیح آبادی 22 فروری 1982 کو اسلام آباد میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔