• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یمن سے ڈیپورٹ جیکب آباد کے 2 رہائشی کراچی پہنچنے پر گرفتار

کراچی(مطلوب حسین/ اسٹاف رپورٹر) یمن سے ڈیپورٹ جیکب آباد کے 2رہائشی کراچی پہنچنے پر گرفتار،6ہزار سعودی ریال کے عوض یمن کی ایجنٹ سے ایمرجنسی پاسپورٹ لیا،تحقیقات کا دائرہ وسیع، فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے یمن سے ڈیپورٹ ہونے والے 2 پاکستانی مسافروں کو گرفتار کرلیا ،تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن، کراچی زون نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ آمد پر کارروائی کرتے ہوئے یمن سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے دو پاکستانی مسافروں کو حراست میں لے لیا، جن کے پاسپورٹس پر ILLEGAL ENTRY (KSA-YEMEN Border Crossed) کی مہر ثبت تھی۔گرفتار افراد کی شناخت مشعل ولد علی محمد اور محراب ولد علی محمد، رہائشی جیکب آباد کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران مسافروں نے انکشاف کیا کہ وہ بچپن میں اپنے والدین کے ہمراہ پاکستان سے روانہ ہوئے تھے اور انہیں سعودی عرب سفر کے طریقہ کار سے متعلق مکمل آگاہی نہیں تھی۔مزید تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ انہوں نے یمن میں مقیم ایک ایجنٹ عبدالرحمن سے رابطہ کیا، جس نے مبینہ طور پر 6000 سعودی ریال کے عوض انہیں ایمرجنسی پاسپورٹ فراہم کیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کےپاس موجود مذکورہ سفری دستاویز بادی النظر میں جعلی/فرضی معلوم ہوتی ہے۔ دونوں مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور تصدیق کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔ واقعہ انسانی اسمگلنگ کے ایک ممکنہ نیٹ ورک کی نشاندہی کرتا ہے جس کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید