• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم پاکستان پریڈ: بنگلہ دیشی وزیر اعظم کو مدعو کرنے پر غور

اسلام آباد (صالح ظافر) اگلے ماہ منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی پریڈ، بھارت پر مئی کی فتح کے بعد پہلی ایسی تقریب ہوگی جو مسلح افواج کی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور بہادری کا ایک شاندار مظاہرہ ہوگی۔ حکومت اس موقع پر بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان کو بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر غور کر رہی ہے۔ شیڈول کے حوالے سے حتمی فیصلہ اگلے ہفتے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع نے اتوار کی شام جنگ کو بتایا کہ وزیر اعظم طارق رحمان نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے بھوٹان جانے کا فیصلہ کیا ہے وفاقی وزیر اور حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کے خصوصی مندوب/نمائندے کی حیثیت سے طارق رحمان کی بطور وزیراعظم بنگلہ دیش حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے وزیر اعظم کی جانب سے طارق رحمان کو جلد از جلد دورہ پاکستان کی دعوت کی تجدید کی۔ بنگلہ دیشی رہنما نے اس دعوت کو تپاک سے قبول کیا۔ وزیر اعظم طارق رحمان پاکستان کے اپنے ہم منصب کے ساتھ ہونے والی پہلی ٹیلیفونک گفتگو میں پہلے ہی دعوت قبول کر چکے تھے۔ وزیر اعظم (پاکستان) خود حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے خواہش مند تھے، لیکن انہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تشکیل کردہ ’بورڈ آف پیس‘ کے اجلاس کے لیے فوری طور پر واشنگٹن روانہ ہونا پڑا، جس کی وجہ سے ان کا ڈھاکا جانا ممکن نہ رہا۔ ڈھاکا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عمران حیدر نے اتوار کے روز بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ایک اہم ملاقات کی۔ ڈاکٹر خلیل الرحمان نے دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر زور دیا اور جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کو فروغ دینے کی بنگلہ دیشی ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تمام جنوبی ایشیائی ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کی بنگلہ دیشی ترجیح پر بھی زور دیا۔ اسلام آباد میں تعینات بنگلہ دیشی ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے اس نمائندے سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ملک کی حکومت اور عوام دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ دریں اثناء، وزیر اعظم طارق رحمان نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے بھوٹان جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نےجنگ کو بتایا کہ سارک خطے سے بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے وہ واحد وزیر اعظم تھے جنہوں نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ اس اعزاز کا جواب دینے کے لیے ڈھاکا نے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ان کے وزیر اعظم اپنی پہلی غیر ملکی منزل کے طور پر بھوٹان کا دورہ کریں گے۔ چین نے بھی وزیراعظم طارق رحمان کو جلد از جلد بیجنگ کے دورے کی پُرجوش دعوت دی ہے۔ ذرائع نے اشارہ دیا ہے کہ پاکستان کے دورے کے فوراً بعد ان کے چین جانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ "ڈھاکا میں تعینات چینی سفیر یاؤ وین نے اتوار کے روز بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم طارق رحمان کی ’بنگلہ دیش فرسٹ‘ (بنگلہ دیش اول) پالیسی کے لیے چین کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ چینی وزیراعظم اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر رحمان نے بنگلہ دیش اور چین کے درمیان ’جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘ کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اہم خبریں سے مزید