کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سولجر بازار گل رعنا کالونی میں رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوگیا،حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق سولجر بازار تھانہ کی حدود گل رعنا کالونی آغا خان اسکول گلی نمبر 5 کے قریب بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مبینہ گیس لیکیج سے دھماکے کے نتیجے میں رہائشی عمارت کے منہدم ہونے سے 16 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے ۔ اتوار کو زخمیوں میں ایک زخمی دوران علاج سول اسپتال کے برنس وارڈ میں چل بسا ۔ ایس ایچ او رضوان پٹیل نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 50 سالہ محمد شاہد ولد غلام رسول کے نام سے ہوئی ۔پولیس نےضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہوگئی ۔ جاں بحق اور زخمیوں میں 4 بچے اور 6 خواتین بھی شامل تھیں۔