• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گل پلازہ کمیشن مشکوک، کارکردگی مایوس کن، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ گل پلازہ کمیشن مشکوک اور اس کی کارکردگی مایوس کن ہے، لاشیں ناقابلِ شناخت تو پھر 73کا عدد حتمی کیسے،نئے سرے سے آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے۔گل پلازہ کمیشن کی جانب سے ڈی سی ساؤتھ اور ایس بی سی اے کے ڈی جی کی تعریف ناقابل فہم جبکہ کمیشن کے سامنے صوبائی حکومت کے ذمہ داران کے بیانات گمراہ کن ہیں، اگر سرکاری اعدادو شمار کو ہی سچ مان لیا جائے تو بھی 73 افراد کا جل کر شہید ہونا ایک المیہ ہے ایسے میں اس واقعے کے ذمہ داران کو قابل ستائش کارکردگی کا ہار پہنانا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے. اپنی رہائش گاہ پر تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر نے کمیشن کے سامنے اعتراف کیا کہ بعض لاشیں پیکٹوں میں ملی تھیں اور ہڈیاں اور گوشت مکس تھے ایسے میں ڈاکٹر سے یہ کیوں نہیں پوچھا جاتا کہ جب لاشیں ناقابلِ شناخت تھیں تو پھر 73 کا عدد حتمی کیسے تصور کیا جاسکتا ہے؟ آفاق احمد نے کہا کہ گل پلازہ کے معاملے میں صرف دال میں کالا نہیں بلکہ پوری دال ہی کالی ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ عدالت نے معاون کے طور پر اپنے ریڈر اور دو وکلاء کا تقرر کیا حالانکہ ایسے سانحے کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کے لئے معاون کے طور پر ماہرین کی خدمات لینا چاہئے تھی، دوسری طرف چھ بچ جانے والے متاثرین کو جنہیں کمیشن نے پچیس فروری کو بلایا انکی سکیورٹی کا کیا بندوبست کیا گیا ہے کوئی بتانے پر تیار نہیں۔
اہم خبریں سے مزید