اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار )وفاقی دارالحکومت کے علاقے لوہی بھیر میں واقع سی بی آر ٹاؤن فیز ون کے مکین آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ بالخصوص رمضان المبارک کے دوران تراویح کے لیے مساجد جانے والے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خواتین، بزرگوں اور بچوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ گزشتہ روز ایک معصوم بچے کو آوارہ کتے نے کاٹ لیا، عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور لوہی بھیر سمیت ملحقہ آبادیوں میں آوارہ کتوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے۔