کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام ملکی مفاد سے وابستہ ہے۔ سندھ کی آبادی د نیا کے بڑے 25ممالک کے برابر اورپنجاب کی آبادی دنیا کے نو بڑے ممالک سے بھی بڑھ چکی ہے، اتنی بڑی آبادی کے صوبوں کی وجہ سے بد انتظامی اور جانب داری جنم لے رہی ہے، پاکستان کے مسائل کا حل انصاف کے نظام اور انتظامی بنیادوں پر صوبے بنانے میں مضمر ہے، صوبوں کی تقسیم انتظامی معاملہ ہے، مقدس لکیریں نہیں ہیں کہ انہیں کبھی بھی مٹایا نہ جا سکے، اس پر گفت و شنید ہونی چاہئیے اور بے معنی بحث میں الجھنے کی بجائے ڈویژن کی بنیاد پر صوبے بنائے جا سکتے ہیں۔ ملک میں مزید صوبے بننے سے حقوق بہتر طور پر گراس روٹ لیول پر ملیں گے۔