کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی نژادانگلش کرکٹر معین علی نے کہا ہے کہ دی ہنڈرڈ میں پاکستانی کرکٹرز کو محض ان کی قومیت کی بنیاد پر نظر انداز کرنا انتہائی افسوسناک ہوگا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو لگا کہ ٹیم مالکان امتیازی رویہ اختیار کر رہے ہیں تو وہ متحد ہو کر آواز اٹھائیں گے، پلیئرز کا ایک گروپ ضرور بولے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلش بورڈ اس معاملے کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے۔ مجھے نہیں لگتا کہ برطانیہ میں ایسا ہو سکتا ہے ،لیکن اگر ایسا ہوا تو یہ بہت افسوسناک ہوگا۔میرا خیال ہے کہ جس کھلاڑی کو بھی اس قسم کے معاملات پر تشویش ہو اسے کچھ کہنا چاہیے، چاہے اس کا پاکستانی پس منظر ہو یا نہ ہو آواز اٹھانی چاہیے، یہ خبر ابھی نئی ہے، اس لیے میں نے زیادہ لوگوں سے بات نہیں کی لیکن بیشتر کھلاڑی ایک ہی سوچ رکھتے ہوں گے۔