کراچی (عبدالماجد بھٹی) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر مشکل ہوگیا۔ پاکستان کو آخری گروپ میچ جیتنے کے ساتھ دوسری ٹیموں کے نتائج پر انحصار اور ہمیشہ کی طرح دعائوں کی ضرورت ہے۔ بدھ کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ جبکہ جمعے کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔ پاکستان کا دو میچوں کے بعد ایک پوائنٹ ہے جبکہ انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ ہفتے کو پاکستان کا میچ سری لنکا سے ہوگا۔ اس وقت گروپ 2 میں انگلینڈ اپنے دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا ایک ایک پوائنٹ ہے، سری لنکا کوئی میچ نہیں جیتا۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے دو دو میچ جبکہ گرین شرٹس کا ایک میچ باقی ہے۔ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد اب ضروری ہے کہ پاکستان اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دے اور نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچ انگلینڈ اور سری لنکا سے ہار جائے۔ اس صورت میں پاکستان 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں چلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کا ایک اور سری لنکا کے 2 پوائنٹس ہوں گے۔ تاہم اگر انگلینڈ ، نیوزی لینڈ کو تو ہرا دے، لیکن نیوزی لینڈ، سری لنکا کو شکست دے دے، تو ایسی صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے 3، 3 پوائنٹس ہوں گے اور پھر فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔ پاکستان 2022 اور 2024کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے سے باہر ہوگیا تھا۔