کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز کے مالک حمزہ مجید نے کہا ہے کہ میں ٹیم کا اس وقت واحد مالک ہوں۔ کاروباری شراکت کیلئے لوگوں پر اعتبار کیا اور بدلے میں دھوکہ ملا ۔منگل کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بڈنگ کے موقع پر ایک پارٹنر ہمارے ساتھ تھے ۔ پہلے پارٹنر کے الگ ہونے کے بعد محمد شاہد سے پارٹنر شپ پر بات ہوئی۔ ان کی زبان پر اعتبار کیا۔ چند دن بعد محمد شاہد نے مجھے ایک پیمنٹ سلپ دی جو بعد میں جعلی نکلی۔ان کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں ،شاہد سمیت سب کو قانونی نوٹس بھجوا رہا ہوں۔ 15جنوری کو فیس پاکستان کرکٹ بورڈ میں جمع کرائی تھی، دیوالیہ ہونے کے الزام میں صداقت نہیں ہے۔ جلد اپنے ساتھ نئے نام کو شامل کریں گے۔کامل خان کرکٹ کی نالج رکھتے ہیں، ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ وسیم اکرم ہمارے ہیرو ہیں، ان کو ٹیم کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ میرے ادارے کے ہزار سے زائد ملازم ہیں، کوئی غلط کام نہیں کروں گا۔