کراچی (جنگ نیوز) 11 جون 2026 سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شروع ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔عالمی فٹبال نے ایران فٹبال فیڈریشن کو میگا ایونٹ میں شرکت سے متعلق اہم مذاکرات کیلئے20 مئی تک اپنے زیورخ ہیڈکوارٹر طلب کر لیا ہے ۔ ادھر بھارت اور چین میں نشریاتی حقوق کے معاہدے نہیں ہوسکے ہیں ۔ فیفا کے مطابق 175 سے زائد ممالک میں نشریاتی معاہدے حتمی شکل پا چکے ہیں، ان دو اہم ممالک میں مذاکرات تاحال جاری ہیں۔ چین نے 2022 کے ورلڈکپ کے دوران ڈیجیٹل ویونگ آورز کا 49.8 فیصد حصہ ڈالا تھا۔ دونوں ممالک کا تاحال نشریاتی فہرست سے باہر رہنا غیر معمولی ہے جس سے کروڑوں شائقین میچز براہِ راست دیکھنے سے محروم رہ سکتے ہیں۔ ورلڈکپ میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی ، ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع میں اترے گا۔ فیفا نے اس بار ایونٹ کے لیے گذشتہ چیمپئن شپ سے ڈبل یعنی 87 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی مجموعی انعامی رقم مختص کی ہے ۔ محض کوالیفائی کرنے پر ہر ٹیم کو 1 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز ملیں گے، جبکہ فاتح ٹیم کو 5 کروڑ 35 لاکھ اور رنر اپ کو 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز کی خطیر رقم دی جائے گی۔