لاہور( شیرعلی خلتی) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے دوران وزرا اور اعلیٰ بیوروکریسی کے لیے 108 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جن پر مجموعی طور پر ایک ارب 14 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ ونگ نے کابینہ کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی سفارشات حکومت کو ارسال کر دی ہیں۔ایک عہدیدار کے مطابق یہ معمول کا اقدام ہے اور اس کا مقصد پرانی گاڑیوں کی جگہ نئی گاڑیاں لینا، دفتری تقاضے پورے کرنا اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔ تجویز کے تحت صوبائی کابینہ کے لیے 28 نئی گاڑیاں تقریباً 30 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی جائیں گی۔سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کے لیے ایک جاپانی ساختہ ایس یو وی، دو چینی ساختہ 1500 سی سی ایس یو ویز اور مختلف جاپانی برانڈ کی گاڑیاں خریدنے کی تجویز ہے، جن میں پانچ 1800 سی سی، دس 1600 سی سی اور دس 1500 سی سی گاڑیاں شامل ہیں۔اسی طرح دو وزرا کے لیے چار کروڑ روپے مالیت کی دو بلٹ پروف فور بائی فور ڈبل کیبن گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی، جن کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔