کراچی(سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات میں قائم آفسز آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORICs) کی کارکردگی، ساخت اور افادیت کا جامع جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ٹاسک فورس کے کنوینر سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر جاوید آر لغاری ہوں گے، جبکہ ٹاسک فورس میں صنعت، تعلیمی شعبے اور تحقیق سے وابستہ ممتاز شخصیات اور ملک کی بڑی سرکاری و نجی جامعات کے نمائندگان کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹاسک فورس کے اہم اراکین میں سابق چیف آپریٹنگ آفیسر انڈس فارما ایوب احمد صدیقی، صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)، چیئرمین پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (P@SHA)، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظور اور پاک آسٹریا فاخ ہوخ شُولے IAST کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ملک کی نمایاں جامعات بشمول ایئر یونیورسٹی، نسٹ، نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، کامسیٹس، فاسٹ، یونیورسٹی آف پنجاب، یو ای ٹی لاہور، لمز، آئی بی اے کراچی، آغا خان یونیورسٹی، کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، سکھر آئی بی اے، بلوچستان یونیورسٹی آف آئی ٹی کوئٹہ، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سمیت دیگر جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز یا ان کے نامزد کردہ ڈائریکٹرز ORIC ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، ڈائریکٹر (ریسرچ اینڈ انوویشن ڈویژن)، ایچ ای سی ٹاسک فورس کے سیکریٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹاسک فورس جامعات میں ORICs کے موجودہ پالیسی فریم ورک، تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لے گی، فنڈنگ ماڈلز اور احتسابی نظام کا تجزیہ کرے گی، اور تحقیق کے انتظام، صنعت سے روابط، دانشورانہ املاک اور تحقیق کی تجارتی تشکیل کو مؤثر بنانے کے لیے عملی سفارشات مرتب کرے گی۔