کراچی (سید محمد عسکری ) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو فوجداری ضابطۂ کارروائی کی دفعہ 160 کے تحت طلبی نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 مارچ 2026 کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر روباب قاضی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں انکوائری نمبر ENQ-ACC-KHI-72/25 کے تحت تحقیقات جاری ہیں، جو 20 اگست 2025 کو درج کی گئی تھیں۔ انکوائری کا آغاز وفاقی اردو یونیورسٹی کی فیکلٹی آف فارمیسی کی ڈین ڈاکٹر ماہ جبین کی جانب سے دائر تحریری شکایت پر کیا گیا۔شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ یونیورسٹی میں سرکاری دستاویزات میں مبینہ جعلسازی کی گئی، اہم اور مادی حقائق کو چھپایا گیا اور سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کے سامنے غلط بیانی سے کام لیا گیا۔ شکایت میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محمد صدیق نے اپنے سرکاری عہدے کا مبینہ طور پر ناجائز استعمال کیا اور وائس چانسلر کی تقرری کے عمل میں غیر قانونی اور غیر اخلاقی طریقۂ کار اپنایا۔ ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کے دوران ملزم کا مؤقف ریکارڈ کرنا اور متعلقہ دستاویزی ریکارڈ کا جائزہ لینا ضروری قرار پایا ہے۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ضابطہ خان شنواری نے متعدد کوششوں کے باوجود اس بارے میں موقف نہیں دیا البتہ اردو یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دفتر کو ایف آئی اے کا کوئی خط موصول نہیں ہوا۔