لاہور (آصف محمود بٹ) سرحدی کشیدگی، حساس تنصیبات، سی پیک منصوبوں ، غیر ملکی مشنز کی سیکورٹی بڑھانے کا حکم۔ موجودہ حالات “بڑھا ہوا خطرے کا تاثر” قرار ،وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کے جاری مراسلے میں فوری اور جامع اقدامات پر زور ۔ملک بھر میں کواد کاپٹرز اور بغیر پائلٹ طیاروں کی آؤٹ ڈور پروازوں پر فوری پابندی ، اگلے احکامات تک نافذ العمل رہے گی۔ وفاقی حکومت نے پاک افغان سرحد پر کشیدہ صورتحال اور بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کو سیکیورٹی انتظامات فوری طور پر مزید سخت کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے جاری مراسلے میں موجودہ حالات کو “بڑھا ہوا خطرے کا تاثر” قرار دیتے ہوئے فوری اور جامع اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ "جنگ" کو حاصل دستاویزات کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کو ارسال کیا گیا، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ موجودہ سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں حفاظتی انتظامات کو مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام حساس تنصیبات، اہم سرکاری عمارتوں، عوامی مقامات، عبادت گاہوں، غیر ملکی سفارتی مشنز، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے منسلک منصوبوں اور دیگر کمزور اہداف کی سیکیورٹی کو فوری طور پر بڑھایا جائے۔صوبائی حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کریں اور داخلی و خارجی راستوں، بین الصوبائی سرحدوں اور قائم شدہ چیک پوسٹوں پر سخت چیکنگ اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔