تہران ، واشنگٹن، کراچی(اے ایف پی، نیوز ڈیسک)امریکا اور اسرائیل کےایران پر حملوں کے بعد جنگ کادائرہ وسیع ہونے لگا ، امریکا اور اسرائیل کو بھی نقصانات کا سامنا ، کویت پر ایرانی میزائل حملوں کے دوران 3امریکی لڑاکا طیارے تباہ ہوگئے، امریکی سینٹرل کمانڈنے تین طیاروں کے گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں طیارے کویت کے ائیر ڈیفنس سسٹم کی جانب سے’’فرینڈلی فائر‘‘کا نشانہ بنے ، طیارے میں موجود تمام 6پائلٹس محفوظ طور پر نکلنے میں کامیاب رہے ،امریکا نے تصدیق کی ہے کہ اب تک اس کے 6 فوجی اہلکار ایرانی حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔کویت نے کہا ہے کہ ایرانی حملوں میں ان کی بحریہ کاایک آفیسر بھی جاں بحق ہواہے،پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ آبنا ئے ہرمز مکمل بند کر دی گئی ہے، اسرائیل اور امریکی حملوں کے جواب میں حزب اللہ بھی لڑائی میں شامل ہوگئی ، لبنان میں بھی لڑائی شروع ہوگئی ، حزب اللہ نے اسرائیل پرراکٹ حملے کئے ہیں جبکہ اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت سمیت مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے ،لبنانی وزارت صحت کے مطابق بمباری میں 52افراد شہید اور154زخمی ہوگئے ہیں،ایران نے تصدیق کرتےہوئے بتایا ہے کہ جوہری تنصیب نطنز پر بھی حملہ ہوا ہے تاہم عالمی توانائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ انہیں ایران کی جوہری تنصیبات حملوں کے کوئی شواہد نہیں ملے ، دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں پر امریکی و اسرائیلی بمباری میں شہید افراد کی تعداد 555ہوگئی ہے،ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک بیان میں اسپتالوں اور اسکولوں پر امریکی و اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے ، ایران کی طرف سے اسرائیل پر میزائل حملوں کی لہر کا سلسلہ بھی جاری ہے ،ایران نے بتایا ہے کہ انہوں نے ملکی حدود میں داخل ہونے والے مزید 7ڈرون طیارے تباہ کردیئے ہیں ، حکام کے مطابق اب تک 29ڈرونز مار گرائے جاچکے ہیں،پاسداران انقلاب کے مطابق تازہ میزائل حملوں میں اسرائیلی ائیرفورس کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر،نیتن یاہو کے دفتر،بیر شیبہ میں کمیونی کیشن کمپلیکس، حیفہ، تل ایبب، مقبوضہ بیت المقدس، عسقلان میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے ، بحرین میں امریکی بحری جہاز کو حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے ،ابو ظہبی میں فیول ٹینک ٹرمینل پر ڈرون حملے کے بعد آگ لگی گئی تاہم حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پالیا گیا ،دبئی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، امارات کی ریاست راس الخیمہ نے بتایا ہے کہ انہوں نے الحمرہ کے گاؤں میں ایرانی ڈرون مار گرایا ہے جس کے بعد ایرانی ڈرون کا ملبہ گرا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،امارات کے مطابق اب تک 68افرادمیزائل حملوں میں زخمی ہوچکے ہیں،سعودی عرب اور قطر میں تیل اور گیس کی تنصیبات پر بھی میزائل اور ڈرون حملے ہوئے ہیں،ڈرون حملے کے بعد سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری راس تنورابند کردی گئی ہے جبکہ سعودی آرامکو نے تمام آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیئے، قطر نے ایل این جی کی پیدوار معطل کردی ہے،قطر نے بتایا ہے کہ اس نے ایران کے دو سخوئی لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں،دوحہ میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا، قبرص میں برطانوی فوجی اڈہ بھی ایرانی ڈرون حملوں کا نشانہ بنا ہے ،پاسداران انقلاب کے مطابق انہوں نے آبنائے ہرمز میں امریکی پرچم بردار آئل ٹینکر پر حملہ کیا ہے، عراق میں موجود ایرانی حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے اتحاد نے اریبل میں امریکی قونصل خانے اور فوجی اڈے پر 23ڈرون حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، عراقی وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ جنگ سے عراق براہ راست متاثر ہورہا ہے،دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں توانائی کی تنصیبات پر حملوں اور مشرق وسطیٰ میں کاروباری تعطل کے بعد پاکستان سمیت خلیجی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رحجان رہا ، دبئی اورابو ظہبی کی اسٹاک مارکیٹیں بند کردی گئیں ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 80ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے ، عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ، سونے کی فی اونس قیمت 133ڈالر اضافے کے بعد 5ہزار 411ڈالر ہوگئی ہے ، ایرانی پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے طویل جنگ کی تیاری کرلی ہے ، ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی کا کہنا ہے کہامریکا سے فی الوقت کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ ان کا ملک امریکاکے برعکس ایک طویل جنگ کی تیاری کر رہا ہے،امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ امریکاکیخلاف فوجی آپریشن لامتناہی جنگ کا باعث نہیں بنے گا ، انہوں نےزمینی فوج ایران میں اتارنے کا بھی عندیہ دیا ، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نےکہا ہے کہ برطانیہ ایران کیخلاف امریکا اور اسرائیل کے حملوں میں شامل نہیں ہوگا،ٹرمپ کی تنقید کے باوجو د انہوں نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ وہ اپنے قومی مفاد کو دیکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر قائم ہیں،تاہم ان کا کہنا تھا امریکابرطانیہ کے فوجی اڈوں کو دفاعی کارروائی کے لئے استعمال کرسکتا ہے۔