• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فروری میں مہنگائی 16 ماہ کی بلند ترین سطح 7 فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد (اسرار خان،تنویر ہاشمی ) فروری میں مہنگائی 16 ماہ کی بلند ترین سطح 7 فیصد تک پہنچ گئی۔ بجلی سبسڈی کے خاتمے اور نرخ میں تیز اضافے سے گرانی بڑھی، رہائش ، گیس اور ایندھن سب سے زیادہ مہنگے، بنیادی مہنگائی معمولی کم مگر مجموعی دباؤ برقرار، مشرقِ وسطیٰ کشیدگی سے تیل ، روپےاور ترسیلاتِ زر پر نئے خطرات، پاکستان میں فروری 2026کے دوران مہنگائی بڑھ کر 7فیصد تک جا پہنچی جو اکتوبر 2024کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں تیز اضافے اور سبسڈی میں کٹوتی نے گھریلو صارفین کو شدید متاثر کیا، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے، جس سے درآمدات پر انحصار کرنے والی معیشت کو مزید دباؤ کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق صارف قیمت اشاریہ سالانہ بنیادوں پر 6.98 فیصد رہا، جو جنوری 2026 میں 5.8 فیصد اور گزشتہ سال فروری میں محض 1.5 فیصد تھا۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ بنا، کیونکہ کراس سبسڈی ختم کر دی گئی اور فکسڈ چارجز عائد کیے گئے۔

اہم خبریں سے مزید