اسلام آباد (اے پی پی)آپریشن غضب للحق کے دوران 3 مارچ 2026ء کو سہ پہر 3 بجے تک افغان طالبان رجیم کے 464کارندے ہلاک اور 665 سے زائد زخمی ہوئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے منگل کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کی 188 چیک پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ 31چیک پوسٹوں پر قبضہ کیا گیا۔ اسی طرح 192ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ کی گئیں۔ افغانستان بھر میں 56 مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے موثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان کی جانب سے شمالی بلوچستان میں 16 مقامات پر زمینی حملے اور 25 مقامات پر فائر ریڈ جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے اور 12 فائر ریڈ کئے گئے جنہیں ناکام بنا دیا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے 3 مارچ صبح 10 بجے تک کی خصوصی اپڈیٹ شیئر کی جسکے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی اور چمن اضلاع میں 16 مقامات پر زمینی حملے کیے۔