کراچی (ٹی وی رپورٹ)ماہربین الاقوامی امور محمد حسین باقری نےکہا ہے کہ اب تک پندرہ سو بم ایران پر گر چکے ہیں ، ایک مہینے میں نئے سپریم لیڈر کا انتخاب ہوگا فی الحال چھ ناموں پر بحث چل رہی ہے۔ جبکہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ بھارت میں مودی پر تنقید ہو رہی ہے کہ وہ اپنے اتحادی ایران پر حملہ کی مذمت نہیں کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ایران نے سعودی عرب اور کویت کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی امریکی سفارتخانہ پر حملہ کر دیا ہے اور اس کو بھی بند کر دیا گیا ہے ۔ امریکہ نے آج بحر ہند میں ایران کے بحری جنگی جہاز کو ڈبونے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارت میں مودی پر تنقید ہو رہی ہے کہ وہ اپنے اتحادی ایران پر حملہ کی مذمت نہیں کر رہے ہیں۔ ترک حدود میں نیٹو کی فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائل مار گرایا ہے اور ترک نے ایران کے وزیرخارجہ کو فون کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔