کراچی(اسٹاف رپورٹر)سنجو سیم سن نے 42گیندوں پر 89رنز کی اننگز کھیل کردفاعی چیمپئن بھارت کو مسلسل دوسرے آئی سی سی ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ فائنل میں پہنچا دیادوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے شکست دے دی۔اتوار کو احمد آباد میں فائنل میں بھارت کا میچ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔بھارتی بیٹسمینوں نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے پہاڑ جیسا اسکور بنایا۔انگلش بولروں کے خلاف بے دردی سے پٹائی کی گئی انگلینڈ کے جیکب بیتھل نے جارحانہ اننگز کھیلی لیکن ان کی کوشش رائیگاں گئی۔بیتھل نے سنچری45گیندوں پر مکمل کی۔ان کی105رنز کی اننگز نے میچ کو دلچسپ بنادیا۔انگلینڈ نے بھرپور مزاحمت کی اورسات وکٹ پر246رنز بنائے۔جوفرا آچرڈ نے چار گیندوں پر19رنز بنائے ڈوبے کے آخری اوور میں 22رنز بنے۔ایشیا کپ کے بعد چھ ماہ میں بھارت دوسرا فائنل کھیلے گا۔بڑے ہدف کے تعاقب میں فل جیکس پانچ رنز بناکر پانڈیا کا شکار ہوئے۔کپتان ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف میچ وننگ سنچری بنائی تھی وہ سات رنز بناکر بھمرا کی گیند پر آوٹ ہوئے۔جوز بٹلر نے17گیندوں پر25رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔ٹام بینٹن 17رنز بناکراکسر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ول جیکس نے20گیندوں پر35رنز دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے۔سیم کرن نے18رنز بنائے۔دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں پر 253 رنز بنالیے۔اننگز میں 19چھکے اور18چوکے شامل تھے۔جمعرات کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور بھارتی اوپنرز سنجو سیمسن نے جارحانہ انداز اپنایا۔18رنز پر بروک نے کیچ گراکر مشکلات بڑھا دیں۔انگلینڈ کے ول جیکس دوسرے اوور میں نوجوان بیٹر ابھیشک شرما کو فل سالٹ کے ہاتھوں کیچ کروایا، ابھیشک شرما نے 7 گیندوں پر 9 رنز بنائے تھے جبکہ اگلے ہی اوور میں جوفرا آرچر نے سنجو سیمسن کو آؤٹ کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا لیکن کپتان ہیری بروک نے ایک آسان کیچ گرادیا۔سنجو سیمسن نے ایشان کشان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 97 رنز بنائے اور اسکور 10 ویں اوور میں 117 رنز تک پہنچایا تاہم کشن اس موقع پر 39 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔سنجو سیمسن نے ایک آسان موقع ملنے کے بعد انگلینڈ کے بولرز کی درگت بنائی اور 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ فل جیکس نے سنجو سیمسن کی 89 رنز کی دھواں دار اننگز کا خاتمہ 14 ویں اوور کی پہلی گیند پر کردیا۔