کراچی(اسٹاف رپورٹر)اظہر علی اور علیم ڈار کے استعفی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو سابق کپتانوں مصباح الحق اور سرفراز احمد کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا ہے۔جبکہ وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن شدید مخالفت کے باوجود تبدیل نہیں ہوں گے۔وہ اپنے عہدے کی معیاد پوری کریں گےٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ کی خراب کارکردگی کے باوجود سلمان علی آغا بھی کپتان برقرار رہیں گے۔سرفراز احمد پہلی بار باضابطہ سلیکٹر کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔عاقب جاوید اور اسد شفیق بدستور سلیکٹر رہیں گے جبکہ سلیکشن کے دوران کپتان اور ہیڈ کوچ بھی بیٹھیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی ویب سائٹ پر سلیکشن کمیٹی کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے جس کے مطابق مصباح الحق اور سرفراز احمد قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن بن گئے ہیں۔سلیکشن کمیٹی میں عاقب جاوید اور اسد شفیق برقرار ہیں اور اب قومی سلیکشن کمیٹی 4 اراکین پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ علیم ڈار نے 3 روز قبل سلیکشن کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی فارمیٹ میں کپتان اور کوچ تبدیل نہیں ہو گا کیونکہ ماضی کے برعکس کرکٹ بورڈ پالیسیوں میں تسلسل کا خواہش مند ہے۔ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن معاہدے کے مطابق کام جاری رکھیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کپتان سلمان علی آغا کو بورڈ نے گرین سگنل دے دیا ہے۔لیم ڈار کے مستعفی ہونے کے بعد سلیکشن کمیٹی میں سے ڈیٹا اینالسٹ عثمان ہاشمی کو نکال دیا گیا ہے۔مصباح الحق اور سرفراز احمد اس سے پہلے سلیکشن میں اپنی رائے دیا کرتے تھے تاہم اب ان کو باقاعدہ طور پر سلیکشن کمیٹی کا رکن بنا لیا گیا ہے۔