پشاور (سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کی قیادت میں اے این پی کے وفد نے ایرانی قونصل خانے کا دورہ کیا اور ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ سے ملاقات کی۔ اے این پی وفد میں صوبائی سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ، جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، ترجمان ارسلان خان ناظم، جائنٹ سیکرٹری حامد طوفان، سیکرٹری یوتھ افیئرز طارق افغان ایڈوکیٹ، سالار شاکر اللہ شینواری اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے قونصل جنرل سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ اے این پی وفد نے آیت اللہ علی خامنہ ای اور انکے ساتھ شہید ہونے والے دیگر افراد کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس مشکل گھڑی میں خود کو ایرانی عوام کے غم میں برابر کا شریک سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے خودمختار ریاستوں کے احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ناگزیر ہے۔ کسی بھی ملک کی قیادت پر حملہ نہ صرف اس کی خودمختاری پر ضرب ہے بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطہ پہلے ہی بدامنی اور جنگوں کے منفی اثرات بھگت رہا ہے، ایسے میں مزید کشیدگی عالمی امن کے لیے نقصان دہ ہوگی۔عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ سامراجی مداخلت، جارحیت اور طاقت کے بے جا استعمال کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے۔