کراچی( ثاقب صغیر )کراچی میں رواں برس اسٹریٹ کرائم کے9ہزار448واقعات رپورٹ ہوئے،ڈکیتی مزاحمت پر15افراد قتل ہوئے، شہریوں سے 2600موبائل فون چھین لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سال 2026کے ابتدائی دو ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 9ہزار 448واقعات رپورٹ ہوئے۔جنوری میں 5ہزار 61اور فروری میں اسٹریٹ کرائم کے 4ہزار 387 واقعات رپورٹ ہوئے۔دو ماہ کے دوران 15 شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل جبکہ41زخمی ہوئے تاہم پولیس ریکارڈ کے مطابق دوران ڈکیتی مزاحمت قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 8ہے۔ اس دوران شہریوں سے 2ہزار600موبائل فون چھین لیے گئے۔ رواں سال اب تک شہریوں سے 313گاڑیاں جبکہ 6ہزار 535موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔ مجموعی طور پر 872گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینی جبکہ 5ہزار 976گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں۔رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ شرح 44.06 ، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی 5.30 جبکہ موٹر سائیکلیں چھینے اور چوری کی یومیہ شرح 110.76 رہی۔رواں برس جنوری میں اسٹریٹ کرائم کی یومیہ شرح 85.77 جبکہ فروری میں اسٹریٹ کرائم کی یومیہ شرح 74.35 رہی ۔واضح رہے کہ سال 2025 کے پہلے دو ماہ میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 10 ہزار 397 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔سال 2026 کے پہلے دو ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 13 افراد قتل اور 43 زخمی ہوئے تھے۔ گذشتہ برس ماہ فروری تک شہریوں سے 2881 موبائل فون چھینے گئے تھے جبکہ 1 ہزار 172 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینی اور 6 ہزار 344 گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئی تھیں۔