کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے بی آر ٹی یلو لائن منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے منصوبے پر بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، کراچی کی سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے بھی بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کے منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں، عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی ، انفرااسٹرکچر کی بہتری اور دیگر شعبوں کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں، شہریوں کو جدید اور باوقار سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے۔