کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم نے مصر میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے سیمی فائنل میں جاپان کو شکست دے کر رواں سال اگست میں بلجیئم اور نیدرلینڈز ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان نے سخت اور دل چسپ مقابلے کے بعد سابق ایشین چیمپئن جاپان کو4-3 سے مات دی ۔ پاکستان کی جیت کے ہیرو گول کیپر علی رضا نے تھے جنہوں نے میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل پنالٹی اسٹروک روک کر پاکستان کو میدان سے سرخرو باہر آنے میں اہم کردار ادا کیا، جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑی سجدے میں گر گئے ۔ پاکستان 8سال بعد ورلڈ کپ میں پہنچا ہے، پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے گول کیے۔ جمعے کو کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ملائیشیا کو 7-1 کے بڑے مارجن سے نا کام کر کے فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں ہفتے کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا، ایونٹ میں پاکستان کے سفیان خان، ابوبکر محمود نے چار ،چار گول بنائے ہوئے ہیں۔ شاندار فتح کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنا خوش آئند ہے۔ ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ہفتے کو فائنل بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم پیر کی صبح چار بجے اسلام آباد واپس پہنچے گی۔