کراچی( اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ناقص کار کردگی کے بعد پاکستانی ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس آچکی ہے، مگر اتوار کو ختم ہونے والے عالمی ایونٹ میں پاکستان ایک اعزاز جیتنے کی دوڑ میںبدستور شامل ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈکپ کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کیلئے نامزد کئے جانے والے کھلاڑیوں میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے 7 میچز میں 76.60 کی اوسط اور 160.25 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 383 رنز بنائے ۔ انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اوپنر نے سری لنکا اور نمیبیا کے خلاف سنچریاں اسکور کیں، وہ ایک ٹی 20 ورلڈ کپ میں دو سنچریاں بنانے والے واحدبیٹسمین ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے بھارت کے سنجو سیمسن ، انگلینڈ کے ول جیکس، جنوبی افریقاکے لونگی نگیدی ، ایڈن مارکرم ، نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا، ٹم سیفرٹ اور امریکا کے شاڈلے فن سکولویک کو بھی بہترین کھلاڑیوں میں نامزد کیا گیا ہے۔