اسلام آباد (این این آئی) مٹی کے تیل کی قیمت میں تاریخی اضافہ، 130روپے 8پیسے فی لیٹر مہنگا،جیٹ فیول کی نرخ میں 154 روپے فی لٹر کا بڑا اضافہ کر دیا ہے، اضافہ کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 318.81روپے، لائٹ ڈیزل 67.82 روپےمہنگا ہونے کے بعد نئی قیمت 235.1روپے فی لٹر مقررکر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کے بعد مٹی کا تیل 130 روپے 8 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا گیا، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 318 روپے 81 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی، لائٹ ڈیزل 67 روپے 82 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا گیا،لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 235 روپے ایک پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ،مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لٹر پٹرولیم لیوی عائد ہے،لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لٹر لیوی عائد ہے، حکومت نے گزشتہ رات پٹرول ڈیزل 55 روپے مہنگا کیا تھا۔ پاکستان نے کمرشل پروازوں کے طیاروں کے لیے استعمال ہونے والے جی پی ون فیول کی قیمت بھی بڑھا دی۔حکومت نے طیاروں کے استعمال کے لیے جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لٹر کا بڑا اضافہ کر دیا ہے، جس سے جیٹ فیول کی قیمت 188.93 روپے سے بڑھ کر 342.37 روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔جیٹ فیول کی قیمت میں 82 فی صد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس سے ایئرلائنز کے کرایوں میں 5 ہزار روپے تک فی ٹکٹ اضافے کا امکان ہے۔ ایوی ایشن ماہرین نے کہا کہ جیٹ فیول کی قیمت میں اضافے سے ایئرلائنز اخراجات پورے کرنے کیلئے لازمی کرائے بڑھائیں گی۔