• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے، سیاسی رہنما

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیاسی رہنمائوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے فوری اضافے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، میاں رضا ربانی نے کہا کہ اضافے کا کوئی جواز نہیں ہے،وقار مہدی نے کہا کہ اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئیگا، سردار عبدالرحیم نے کہا کہ عوام دشمن اقدام ہے، اس فیصلے سے مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتی ہے۔ عوام دوست پالیسیوں کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی کم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔عوام پہلے ہی شدید مہنگائی اور غربت کا شکار ہیں۔ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اضافے کا کوئی جواز نہیں ہے،قیمتوں میں اضافہ ماہ رمضان میں کیا گیا ، جب اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت تشویش اور شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ عوام پر ناقابلِ برداشت معاشی بوجھ ہے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ انتہائی افسوسناک اور عوام دشمن اقدام ہے۔
اہم خبریں سے مزید