اسلام آباد، کراچی، پشاور (اسٹاف رپورٹر، رانا غلام قادر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی طرف سے پیٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے کے پی میں رجسٹرڈ موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، جسکے تحت ہر رجسٹرڈ موٹرسائیکل سوار کو 2200 روپے ملیں گے،سہیل آفریدی نے کہا کہ غریب عوام پر بوجھ بننے والے کسی بھی فیصلے یا پالیسی کی قطعاً حمایت نہیں کرینگے، پٹرول کی قیمت میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، وفاق صوبوںکو اعتماد میں لے، عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اپنی شاہ خرچیاں کم کرے، دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائینگے، کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان آج پیر کو کیا جائیگا، وزیراعظم نے تمام سرکاری ملازمین اور وزراء کو کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل مرحلے گزرتے ہی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریگی، دوسری جانب وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے الگ الگ ملاقات کی جس میں جنگ کی وجہ سے پیداہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا اور ہنگامی اقدامات پر غور کیا گیا، اجلاس میں عالمی سطح پر تیل قیمتوں میں اضافے اور ایندھن کے ذخائر کے حوالے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مانیٹرنگ پر اتفاق کیا گیا،حکام نے خبردار کیا ہےکہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں تنازع مزید شدت اختیار کر گیا تو خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جس سے پاکستان کی معیشت پر مزید دباؤ پڑیگا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ مالی اثرات سے نمٹنے کیلئے متبادل منصوبے بنارہے ہیں، مریم نواز نے کہا کہ اس حوالے سے فوری فیصلے ناگزیر ہیں، مراد علی شاہ نے کہا کہ اجلاس کی تجاویز کو کابینہ میں رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نےوفاقی کابینہ، وفاقی و صوبائی سطح پر تمام منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ ہدایت اتوار کے روز اپنی زیر صدارت بین الاقوامی سطح پر حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کے حوالے سے بلائے گئے اہم اجلاس میں دی۔ اجلاس میںوزیراعظم کو عالمی سطح پر پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالیہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے جن سے عوام کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائیگا اور معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ، وفاقی و صوبائی سطح پر تمام منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ کفایت شعاری، سادگی اور بچت کے حوالے سے ہدایات صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی تاکہ ملکی پیداوار، برآمدات اور غذائی تحفظ متاثر نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کا بوجھ منصفانہ طور پر سب کو برداشت کرنا چاہیے۔اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ملکی معیشت میں استحکام کے لیے کفایت شعاری اور سادگی پر مبنی متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں ڈیزل، پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت نے پیشگی انتظامات کر رکھے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی طرف سے پیٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے صوبے میں رجسٹرڈ موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ صوبے میں اس وقت 14 سے 16 لاکھ موٹرسائیکل رجسٹرڈ ہیں جو حکومت کے اس ریلیف اقدام سے مستفید ہونگے۔ بی آرٹی کرایوں میں کوئی اضافی نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اس امر کا اعلان اتوار کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔