• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خامنہ ای کے بیٹے کو جانشین بنانے کا ایرانی عندیہ

کراچی (نیوز ڈیسک) ایران نے آیت اللّٰہ خامنہ ای شہید کے بیٹےمجتبیٰ خامنہ ای کو والد کا جانشین اور نیا سپریم لیڈر منتخب کرنےکا عندیہ دے دیا ہے ، ایران کے سینئرعالم دین آیت اللّٰہ احمدعلم الہدیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈرکےانتخاب کر لیا گیا ہے،نئے سپریم لیڈرکاباضابطہ اعلان مجلس خبرگانزکے سیکرٹریٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آیت اللّٰہ خامنہ ای شہید کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی فوج نے نئے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر ان کی توثیق کے بغیر کوئی بھی ایرانی سپریم لیڈر آیا تو زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہے گا ۔ اسرائیلی فوج کے فارسی زبان میں جاری بیان میں نئے ایرانی سپریم لیڈر کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے ہم خامنہ ای کےجانشین کےتعاقب میں ہیں جو اپنے پیشرو جیسا انجام چاہتاہے۔ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے ایک بار پھر ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کے انتخاب کا فیصلہ کرنا ایران کا اپنا حق ہے اس سے ٹرمپ کا کوئی لینا دینانہیں ہے، امریکی صدر ایران کیخلاف جنگ شروع کرنے پر معافی مانگیں۔فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے رابطہ کرکے ان سے خطے میں جاری حملے روکنے اور آبنائے ہرمز میں آزادجہازرانی کی ضمانت دینے کی یقین دہانی کروانے کا مطالبہ کیاہے، ان کےمطابق انہوں نے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پر خدشات کا اظہار بھی کیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے۔میکرون نے دورہ قبرص سے قبل ٹرمپ سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی ہے تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ایران کے سیکورٹی چیف علی لاریجانی نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع میں ایران کے تمام قائدین متحد ہیں، انہوں نے صدر ٹرمپ کی اس تجویز کو بھی مسترد کر دیا کہ وہ ایران کے اگلے رہنما کے انتخاب میں شامل ہوں گے،ان کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ ایرانیوں کے آپس میں اختلافات ہو سکتے ہیں، لیکن وہ پھر بھی ایرانی ہیں، اور وہ ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اپنی گذشتہ روز کی گفتگو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے ان بیانات کا ’غلط مطلب‘ لیا ہے۔اپنے ایک نئے ویڈیو پیغام میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ’دشمن چاہتا ہے کہ ایران کو مسلمان اور پڑوسی ممالک کے ساتھ جنگ میں دھکیل دیا جائے۔ایران کے صدر نے ہفتے کو ایک ویڈیو پیغام میں ان پڑوسی ممالک سے معافی مانگی تھی جو ایران کے حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ اقوام متحدہ میں بحرین کے مندوب جمال فارس الرویعی نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کی ہے۔عمان کے وزیر خارجہ نے امریکا، اسرائیل اورخطے میں ایران کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا کہ انہیں اپنے عرب لیگ کے ہم منصبوں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں شرکت کر کے "خوشی" ہوئی ہے۔انہوں نے لکھا"ایران کے خلاف اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کی جانے والی کارروائی غیر اخلاقی اور غیر قانونی دونوں ہے۔"ان کا مزید کہنا تھا"لیکن ایران کی جانب سے اپنے پڑوسیوں کے خلاف جوابی کارروائی بھی انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ میں تمام فریقوں سے تحمل، جنگ بندی، اور سفارت کاری کی طرف فوری واپسی کا مطالبہ کرتا ہوں۔

اہم خبریں سے مزید