کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق سفارت کار، ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ تنازعہ تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے، ٹرمپ کا خیال تھا چند دنوں میں ایران میں حکومت تبدیل اور معاملہ ختم ہو جائیگا، سابق کرکٹر راشد لطیف نے کہا کہ پی سی بی کا مخصوص کھلاڑیوں پر زیادہ انحصار ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سابق سفارت کار، ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے آغاز سے ہی امریکا اپنے اہداف تبدیل کرتا رہا ہے۔ کبھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے رجیم چینج سے جوڑا، کبھی کہا کہ مقصد ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کرنا ہے اور کبھی ایران میں ہونے والے مظاہروں کی حمایت کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلوں میں واضح حکمت عملی کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں میں اسرائیل کی وہی حکمت عملی نظر آتی ہے جو اس نے غزہ میں استعمال کی تھی۔ ان کے مطابق یہ تنازعہ تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے اور ٹرمپ انتظامیہ نے صورتحال کا درست اندازہ نہیں لگایا۔