کراچی (ٹی وی رپورٹ)واشنگٹن سے بین الاقوامی امور اور مشرقِ وسطیٰ کے ماہرکامران بخاری کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمزکو زیادہ دیر بند رکھنا ممکن نہیں، امریکا اور اس کے اتحادی ایران میں براہِ راست حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میو میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب سے امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ہے، دنیا بھر کی توجہ اس خطے کی طرف مبذول ہو گئی ہے۔ ہر ذہن میں یہ سوال گردش کر رہا ہے کہ آیا امریکا نے اس جنگ میں قدم رکھ کر نقصان کا سوداکیا ہے یا اسے اس میں کامیابی حاصل ہوگی۔ اسی طرح یہ بھی ایک اہم سوال ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے وہ ممالک جو اس کشیدگی کی زد میں آ سکتے ہیں ان پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ بھی واضح نہیں کہ یہ جنگ طویل عرصے تک جاری رہے گی یا کم مدت میں اس کا کوئی نتیجہ سامنے آ جائے گا۔