کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےکہا ہے کہ عالم اسلام کو متحد ہوکر امریکہ و اسرائیل کے خلاف جدو جہد اور فیصلہ کن اقدام کرنے اور ملک میں عدل و انصاف کے نظام کو قائم کرنے کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں 55 روپے اضافے کو مسترد کرتے ہیں، موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم کوسرکاری افسروں کے 1300سی سی سے بڑی گاڑی کے استعمال پابندی لگانے کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔ وہ ضلع وسطی کے تحت فتح باغ بلاک ایف نارتھ ناظم آباد میں امریکا و اسرائیل مردہ باد جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کررہے تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوئی تو اس وقت ہماری حکومت نے پیٹرول کی قیمت کم کیوں نہیں کی، فلسطین میں2006 میں حماس نے جمہوری طریقے سے کامیابی حاصل کی تھی جو امریکہ کو پسند نہ آئی۔ امریکہ اب ایران کے عوام سے چاہتا ہے کہ وہ اپنی قیادت تبدیل کریں۔ ڈونلڈ ٹرمپ سمجھ رہا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کرنے کے بعد اپنی مرضی کا رجیم چینج لے آئے گا۔ امریکہ ایران میں اپنے اس منصوبے میں ناکام ہوچکا ہے۔وقت کا طاغوت امریکہ ہے جو اللہ کے نظام کے مقابلے میں اپنا نظام نافذ کرنا چاہتا ہے، بدقسمتی سے حکمران امریکہ کے نام نہاد پیس بورڈ میں شامل ہونے کے لئے مقابلے کرتے ہیں۔