اسلام آباد (ساجد چوہدری )وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ ملک میں (آج) منگل کو 600 میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلام ہونے جارہا ہے، فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سافٹ ویئر کے ذریعے ہوگی، آکشن کا عمل لائیو ہوگا، شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا،1987 سے اب تک 274 میگا ہرٹس پر پورا پاکستان چل رہا ہے، پاکستان کو ڈیجیٹل دنیا میں آگے لے جانے کیلئے فائیو جی لا رہے ہیں،چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے کہ یہ طے نہیں کہ فائیو جی نیلامی سے کتنا ریونیو حاصل ہوگا، حکومت کا مقصد پیسے اکٹھے کرنا نہیں، کنیکٹوٹی کو بہتر بنانا ہے۔ پیر کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ ،چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی کے ہمراہ فائیو جی نیلامی پر بیک گراؤنڈ بریفنگ دیتے ہوئے وزیر آئی ٹی نے کہا کہ پاکستان میں 95 فیصد موبائل فونز مقامی طور پر تیار ہوتے ہیں، تین فیصد لوگ مہنگے امپورٹڈ فونز استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم کی آکشن کا مقصد پاکستان کے شہریوں کو سہولت دینا ہے ،اگر ہم اسپیکٹرم اتنا مہنگا بیچیں کہ اس پر سسٹم نہ بن سکے تو کیا فائدہ ہو گا؟ ، اسپیکٹرم خریداری کے باوجود خالی پڑا رہے تو اس کا 3 سے 4 ارب ڈالر نقصان ہوتا ہے۔